الله پاک نے انسان کو دنیا میں بھیجا ہے کہ وہ عمل کرے اور الله پاک اسے ان اعمال کا بہترین بدلہ عطا فرمائیں ، کچھ لوگ سہل پسندی سے ، آسانیاں ڈھونڈتے ہوئے اور اس فلسفے کو سمجھے بغیر زندگی گزار دیا کرتے ہیں اور کچھ مشکلات کے سامنے جم کر کھڑے ہوجاتے ہیں، زندگی کی آنکھوں میں آنکھیں ملا کر پرعزم طریقے سے اپنی منازل کےسنگ خود تراشتے ہیں یہ بندے ترے البیلے سے ، ایسی ہی ایک باہمت اور بلند حوصلہ لڑکی کی کہانی ہے جس نے الله کو پانے کے لیے اپنا گھر بار، اپنے والدین ، رشتے دار، اپنا وطن اور سب کچھ چھوڑ دیا مگر الله کی تلاش میں سرگرداں رہی - جو الله اور اسکے رسول صلی الله علیہ وسلم کی راہوں پر چلتے ہیں وہ آسانیاں کب ڈھونڈتے ہیں ؟ اور انہیں آسانیاں کب ملتی ہیں ؟ وہ جو نبی پاک کے وارث ہوتے ہیں، وہ پتھر کھا کر بھی دعا دینے کا سلیقہ جانتے ہیں- ایسے ہی اس لڑکی نے اپنی راہوں کی ساری کٹھنائیوں کے بدلے میں الله سے صرف الله ہی کو مانگ لیا ! اور جسے الله مل جائے اسے اورچاہیے بھی کیا ہوتا ہے؟